پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پیر کو ایک انٹرویو میں الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ یوٹیوبرز کو پیسے دیتی ہیں تاکہ وہ یہ تاثر دے سکیں کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے جیتے گی۔\nآصف علی زرداری کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین تنقید کر رہے ہیں اور ایکس پر #staystronJemimaKhan ٹرینڈ کر رہا ہے۔\nپاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما اکثر و بیشتر پاکستانی میڈیا میں خبروں کی زینت بنتی ہیں، جس کی اکثر وجہ ان کے اپنے بیانات نہیں بلکہ پاکستانی شخصیات کے ان سے متعلق بیانات ہوتے ہیں اور اس بار بھی ایسا ہی ہوا جب آصف زرداری نے ایک انٹرویو میں جمائما کا ذکر کیا۔\nپیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا انٹرویو گذشتہ شب نجی ٹی وی چینل ’آج نیوز‘ پر نشر ہوا، جس میں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ ’تاثر یہی ہے کہ دو تہائی اکثریت لے کر آئیں گے، وہی (پی ٹی آئی) جیتے گی۔‘ جس پر سابق صدر نے جواب دیا: ’خدا کا خوف کریں، یہ تو باہر بیٹھے ہوئے وی لاگرز کہہ رہے ہیں، ان وی لاگرز کو پیسے دے رہی ہیں جمائما۔‘\nسوشل میڈیا پر بہت سے صارفین آصف زرداری کے اس بیان کے تناظر میں جمائما کی حمایت کر رہے ہیں۔\nایکس صارف شہربانو نے لکھا: ’ثابت قدم رہیں پیاری میڈم جمائما، پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘\nنوید حسین نامی ایکس صارف کا کہنا تھا: ’اگر پیسوں سے سوشل میڈیا چلتا تو آج یوٹیوب، ٹوئٹر، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پاکستان استحکام پارٹی کا عروج ہوتا۔‘\nایک اور ایکس صارف نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے تحریر کیا: ’ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ آپ اخلاص اور انسانیت کی مثال ہیں۔ ہم ان کا مقابلہ کریں گے اور جیتیں گے۔\nمحمد حسیب نامی صارف نے لکھا: ’آپ لاکھوں میں ایک ہیں، ہم تمام پاکستانیوں کو آپ پر فخر ہے۔ محفوظ رہیں اور ثابت قدم رہیں۔‘\n۔\n۔\n۔