اسرائیل نے حماس کے خلاف جنگ میں اپنی زمینی کارروائی کو وسطی غزہ کے شہری پناہ گزین کیمپوں تک بڑھا دیا ہے جب کہ ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے اپنے اسرائیلی منصب سے جنگ کو مختلف مرحلے میں منتقل کرنے پر بات چیت کی تاکہ حماس کے اعلیٰ اہداف پر توجہ مرکوز کی جا سکے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے کہا ہے کہ ہم نے لڑائی کو ایک ایسے علاقے تک پھیلا دیا ہے جسے مرکزی کیمپ کہا جاتا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق فوج کے نئے جنگی اعلان سے غزہ میں مزید تباہی کا خطرہ ہے۔
جنگ کو وسطی غزہ کے پناہ گزین کیمپموں تک پھیلانے سے قبل اسرائیلی فوج نے پر ہجوم فلسطینیوں پر بمباری کی تھی اور مکینوں کو انخلا کا حکم دیا تھا۔
محصور علاقے میں مواصلاتی سروسز فراہم کرنے والی کمپنی نے سروس میں مکمل رکاوٹ کی اطلاع دی ہے۔
گزشتہ دو روز کے دوران وسطی غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 100 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں اور اقوامِ متحدہ نے اسرائیلی حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے ترجمان سیف ماگنگو نے ایک بیان میں کہا کہ "ہمیں اسرائیلی فورسز کی طرف سے وسطی غزہ پر مسلسل بمباری پر شدید تشویش ہے۔”
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج کو شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کرنے چاہیئیں اور یہ کہ محص مقامات سے انخلاء کے احکامات اسرائیلی فورسز کو بین الاقوامی انسانی قانون کی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں کرتے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر برائے اسٹرٹیجک امور رون ڈرمر نے منگل کو وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن اور قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے غزہ کے تنازع سے متعلق متعدد امور پر بات چیت کے لیے ملاقات کی۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ سلیوان اور ڈرمر نے جنگ کے مختلف مرحلے میں منتقلی پر بات چیت کی تاکہ حماس کے اعلیٰ اہداف پر توجہ مرکوز کی جا سکے۔
دونوں ملکوں کے عہدیداروں کے درمیان غزہ میں حکمرانی اور سیکیورٹی سمیت لڑائی ختم ہونے کے بعد کے لیے منصوبہ بندی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
صدر بائیڈن کی قطری امیر سے بات چیت
منگل کی شام وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ صدر جو بائیڈن نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے یرغمالوں کی رہائی اور غزہ میں امداد کے متعلق فون پر بات کی۔
وائٹ ہاؤس نے کہا، "دونوں رہنماؤں نے امریکی شہریوں سمیت حماس کے زیرِ حراست تمام بقیہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جب کہ غزہ میں انسانی بنیاد پر امداد تک رسائی بڑھانے پر بھی بات کی۔
خیال رہے کہ قطر اور مصر نے نومبر کے آخر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان مختصر جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے میں ثالثی کی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں

https://whatsapp.com/channel/0029Va4emE0B4hdX2T4KuS18