پاکستان میں ’’سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ‘‘ پر پابندی کے بعد جوئے کی کمپنیز نے نئی راہیں تلاش کر لی ہیں، پرتھ ٹیسٹ کے دوران میدان میں کوئی اشتہار پینٹ نہیں ہوا تھا تاہم پاکستان میں سرکاری ٹی وی سمیت کئی ممالک میں جوئے کی کمپنیز کے اشتہار نظر آئے، اسے ’’ورچوئل ایڈورٹائزنگ‘‘ کہا جاتا ہے، سافٹ ویئر کی مدد سے اشتہار لگتے ہیں،حکومت نے اس حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس کا نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں پی سی بی سے رابطہ کر کے مزید معلومات طلب کی گئی ہیں، ساتھ ’’سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ‘‘ پر پابندی پر عمل درآمد کی بھی ہدایت دے دی گئی، بورڈ نے موقف اپنایا کہ ہمارا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں، یہ آسٹریلیا کی سیریز ہے اور اسی نے رائٹس فروخت کیے ہیں۔
اس حوالے سے نجی میڈیا کے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے بین الصوبائی رابطہ کے وزیر فواد حسن فواد نے کہا کہ میں نے ’’سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ‘‘ کی رپورٹس دیکھ کر متعلقہ حکام سے اس بارے میں وضاحت طلب کی ہے،ماضی کی پابندی کے حوالے سے بھی منسٹری سے ریکارڈ طلب کر لیا، اس پر سب کو عمل بھی کرنا چاہیے۔

کرکٹ بورڈ کے معاملات پر انھوں نے کہا کہ میں نے حال ہی میں عہدہ سنبھالا ہے، بریفنگ لینے کے بعد ہی کوئی تبصرہ کر سکوں گا، ویسے بھی ابھی ٹیم آسٹریلیا میں کھیل رہی ہے،اس سیریز پر ہی توجہ رکھنی چاہیے۔
۔
۔