سابقہ روایت کے تحت ایشیاءکی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند میں سالانہ انعامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ادارہ کے موقر اساتذہ اور ذمہ داران کے ہاتھوں امتحان میں ممتاز کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو گراں قدر انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
موصولہ تفصیل کے مطابق دورہ حدیث شریف کی قدیم درسگاہ میں منعقد دوروزہ انعامی اجلاس کا آغاز جمعرات کی صبح آٹھ بجے استاذ تجوید و قرا ¿ت قاری عبد الرﺅوف بلند شہری کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ بعد ازیں قاری اقرار بجنوری نے اپنی مسحور کن آواز میں نعت پاک پیش کی، نظامت کے فرائض ادارہ کے استاذ حدیث مولانا سلمان بجنوری نقشبندی نے انجام دیئے۔مہتمم دارالعلوم دیوبند مفتی ابوالقاسم نعمانی کی صدارت میں منعقد اجلاس میں صدر المدرسین اور جمعیة علماءکے ہند صدر مولانا سید ارشد مدنی کا خصوصی خطاب ہوا۔اس موقع پر مولانا مدنی نے اپنے خطاب میں دارالعلوم دیوبند کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اس وقت جہاں بھی دینی خدمات انجام دی جا رہی ہیں وہ براہ راست یا بالواسطہ دارالعلوم دیوبند اور اس کے فضلاءکے توسط سے ہی دی جا رہی ہیں۔
صدر جمعیۃ علماءہند نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لا یعنی امور سے مکمل اجتناب کرنا چاہئے اور اپنی تمام تر توجہ علم دین کے حصول پر مبذول کرنی چاہئے۔ انہوں نے کتابوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طلبہ کا کتابوں سے تعلق منقطع نہیں ہونا چاہئے اور ہر طالب علم کو چاہئے کہ اپنی ذاتی لائبریری بنائے اور کتابوں کا ذخیرہ اپنے پاس جمع کرے تاکہ کتابوں سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکے۔
انہوں نے طلبہ کو محتاط ہوکر زندگی گزارنے کی تلقین کی اور کہاکہ طلبہ عزیز موبائل کے استعمال خاص طورپر سوشل میڈیا سے اجتناب برتیں کیونکہ اس وقت مدارس شرپسندوں کے نشانہ پر ہیں اسلئے اہل مدارس کو بہت احتیاط اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ادارہ کے ناظم تعلیمات مولانا حسین ہریدواری نے سال 1444ھ کی تعلیمی رپورٹ پیش کرنے کے بعد طلبہ کو غیر حاضری سے اجتناب کرنے کی نصیحت کی اور اسباق میں مکمل حاضری کرنے پر زور دیا۔ بعد ازاں تقسیم انعام کا سلسلہ شروع ہوا، اولاً پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو دارالعلوم اوررکن شوریٰ مولانا بدر الدین اجمل کی طرف سے بدست مولانا ارشد مدنی خصو صی انعام بشکل کتب دیا گیا، اس کے بعد تمام طلبہ کو عمومی انعامات سے نوازا گیا۔ پروگرام میں ادارہ نائب مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی، نائب مہتمم مفتی راشد اعظمی، مولانا نعمت اللہ اعظمی، مفتی سلمان منصور پوری، مولانا شوکت بستوی، مولانا خضر کشمیری، مولاناافضل کیموری، مولانا عارف جمیل مبارک پوری کے علاوہ دیگر اساتذہ، ملازمین اور کثیر تعداد میں طلبہ موجود رہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں

https://whatsapp.com/channel/0029Va4emE0B4hdX2T4KuS18