بھجن لال شرما نے راجستھان کے ۱۴ ویں وزیراعلیٰ کے طو رپر حلف لے لیا ہے، ان کے ساتھ دو نائب وزیراعلیٰ دیا کماری اور ڈاکٹر پریم چند بیروا بھی حلف لے لیا، تینوں کو گورنر کلراج مشرا نے عہدے اور راز داری کا حلف دلایا، بھجن لال نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا تو مودی نے ان کی پیٹھ تھپتھپائی، اس دوران سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوت، وسندھرا راجے اور مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیکھاوت دیر تک ہنسی مذاق کرتے رہے۔ وسندھرا راجے نے نومنتخب وزیراعلیٰ کے سر پر ہاتھ بھی پھیرا جس کی تصاویر وائرل بھی ہورہی ہے۔ پنک سٹی کے رام نیواس باغ میں تاریخی البرٹ ہال کے سامنے منعقد ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ اور کئی دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔بھرت پور کے ندبائی کے رہنے والے بھجن لال شرما جے پور کی سانگانیر اسمبلی حلقے سے کانگریس کے پشپندر بھاردواج کو تقریباً 48 ہزار ووٹوں سے شکست دے کر پہلی بار اسمبلی میں پہنچے ہیں۔ 56 سالہ بھجن لال نے سرپنچ الیکشن جیت کر اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے 2003 میں آزاد امیدوار کے طور پر ندبائی سے ایم ایل اے کا الیکشن لڑا لیکن ہار گئے۔ وہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (ABVP) سے بھی طویل عرصے تک وابستہ رہے۔ وہ بی جے پی کے چار ریاستی صدور کے ساتھ جنرل سکریٹری کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ اسی کے ساتھ وہ ریاست میں بی جے پی کی الیکشن مینجمنٹ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ انہیں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا قریبی سمجھا جاتا ہے ۔ ۔