پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے حکومت پاکستان کی طرف سے نئے سال کے موقع پر کسی بھی قسم کی تقریب کے انعقاد پر مکمل پابندی کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں نگراں وزیراعظم نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ ’غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور نئے سال کے آغاز پر سادگی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔‘
خصوصی پیغام میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ’سال 2024 کی آمد ہے، میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ نئے سال کا سورج ہمارے وطن پاکستان اور پوری دنیا کے لیے خوشحالی اور امن و آشتی کا پیغام لیے طلوع ہو۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جیسا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ فلسطین میں قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، غزہ اور مغربی کنارے میں مظلوم فلسطینیوں خصوصاً معصوم بچوں کے قتل عام اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ شدید رنج کے عالم میں ہے۔‘
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ’اسرائیلی خون ریزی روکنے کے لیے پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے اور ہمیشہ اٹھاتا رہے گا۔‘
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے امدادی سامان کی دو کھیپ بھجوا چکا ہے جبکہ تیسری کھیپ بھی جلد ہی روانہ کی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فسلطینیوں کی امداد، زخمیوں کے انخلا اور ان کے علاج کے لیے حکومتِ پاکستان مصر اور اُردن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں

https://whatsapp.com/channel/0029Va4emE0B4hdX2T4KuS18

۔