کراچی: نوجوان لڑکی کی ہتک آمیز ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں پولیس نے کے الیکٹرک ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
اورنگی ٹاؤن میں بجلی کاٹنے پر احتجاج کرنے والی لڑکی کو تھانے بلاکر ہتک آمیز رویہ اپنانے اور گھٹنوں کے بل چل کر پاؤں پکڑ کر معافی مانگنے کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے واقعہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اقبال مارکیٹ پولیس نے لڑکی کی معافی مانگنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں کے الیکٹرک کے 2 ملازمین کے خلاف مقدمہ بجرم دفعات 354 اور 501 چونتیس کے تحت اے ایس آئی اخلاق کی مدعیت میں درج کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق کے الیکٹرک ملازمین سید علی اکبر اور فیاض نے لڑکی کو بے عزت کرنے کی غرض سے ویڈیو بناکر وائرل کی۔ اقبال مارکیٹ پولیس نے مقدمہ مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا تاہم اس ضمن میں کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ وہ تفتیشی عمل میں پولیس سے مکمل تعاون کرے گا۔
دریں اثنا واقعے پر عوامی حلقوں میں شدید اشتعال پایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی ہے کہ تھانے میں میز کرسی پر بیٹھا شخص نوجوان لڑکی سے جس لہجے میں بات کر رہا تھا وہ تھانے کے اندر پولیس کی موجودگی میں انتہائی غیر مناسب رویہ تھا جس کا اعلیٰ پولیس افسران کو نوٹس لینا چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں

https://whatsapp.com/channel/0029Va4emE0B4hdX2T4KuS18