آسٹریلیا کے بولر مچل سٹارک انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 2024 کے سیزن کے لیے مچل سٹارک کی خدمات 24.75 کروڑ انڈین روپوں میں حاصل کی ہیں۔
منگل کے روز دی جانے والی سٹارک کی اس بولی نے اس سے قبل سب سے مہنگے کھلاڑی اور آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا ریکارڈ توڑا ہے جنھیں 20.5 کروڑ میں خریدا گیا۔
دریں اثنا انگلینڈ کے بولر کرس ووکس کو بولی دے کر پنجاب کنگز نے خریدا ہے جبکہ ان کی ٹیم کے ساتھی ہیری بروک دہلی کیپٹلز میں چلے گئے ہیں۔
ووکس کی بولی 4.2 کروڑ جبکہ ہیری بروک کی قیمت چار کروڑ انڈین روپے ہے جو پچھلے سال کی ادا کی گئی بولی سے کم ہے۔
نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈیرل مچل کو چنئی سپر کنگز نے 14 کروڑ میں سائن کیا ہے جبکہ کیوی ٹیم میں ان کے ساتھی راچن رویندرا بھی چنئی سپر کنگز کا حصہ بن گئے ہیں۔
رویندرا کو رواں سال 50 اوور کے ورلڈ کپ میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث 1.8 کروڑ انڈین روپے میں لیا گیا ہے۔
انڈیا میں آسٹریلیا کی ورلڈ کپ فتح کے بعد ان کے کھلاڑیوں کی مانگ میں اضافے کی توقع تھی۔ یہی وجہ ہے کہ جب آئی پی ایل کی نیلامی میں پہلی بار کپتان اور بولر کمنز کی بولی 20 کروڑ سے زیادہ ہوئی تو ہال میں موجود کئی افراد کی سانسیں شدید حیرانی سے تیز ہو گئیں۔
واضح رہے کہ مچل سٹارک 2015 کے بعد پہلی بار 2024 میں آئی پی ایل میں شرکت کریں گے۔
33 سالہ سٹارک نے آٹھ سال سے ٹی 20 مقابلوں میں حصہ نہیں لیا تاہم ان کی بولی کے لیے ممبی انڈینز اور دہلی سے شروع ہونے والا ٹاکرا گجرات ٹائٹنز اور کلکتہ رائیڈرز کے درمیان کانٹے کی بولی پر ختم ہوا۔
آئی پی ایل کے اگلے سیزن کے لیے دیگر کھلاڑیوں کی بولی بھی دلچسپی سے خالی نہیں۔
سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان 30 سالہ کمنز کے لیے بولی کی گویا جنگ ہوئی جس کے بعد بلاخر وہ سن رائزرز حیدرآباد کے حصے میں آئے۔
آسٹریلیا کے بلے باز ٹریوس ہیڈ بھی چھ کروڑ انڈین روپے سے زیادہ کی بولی کے بعد سن رائزرز کے حصے میں آ گئے۔ یاد رہے ٹریوس ہیڈ ورلڈ کپ فائنل میں انڈیا کے خلاف کھیلنے والے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
رائل چیلینجرز بینگلور(RCB) نے ویسٹ انڈیز کے الزاری جوزف کو ساڑھے گیارہ کروڑ کی بولی میں حاصل کیا جبکہ ان کے ساتھی، آل راؤنڈر روومین پاول کو راجستھان رائلز نے 7.40 کروڑ میں خریدا۔
ممبئی نے جنوبی افریقہ کے بولر جیرالڈ کوٹزی اور سری لنکا کے بائیں بازو سے کھیلنے والے دلشان مدوشنکا کو بالترتیب پانچ کروڑ اور 4.6 کروڑ میں سائن کیا ہے۔
2024 کی آئی پی ایل نیلامی میں سب سے مہنگے انڈین کھلاڑی فاسٹ بولر ہرشل پٹیل ہیں۔ ہرشل پٹیل کے لیے بولی ٹائٹنز اور پنجاب کے درمیان شروع ہوئی اور پھر اس میں لکھنو سپرجائنٹ (LSJ) بھی شامل ہو گیا تاہم پنجاب نے ہرشل کے لیے 11 کروڑ 75 لاکھ روپے کی بولی دے کر انھیں اپنے سکاڈ میں شامل کر لیا۔
انگلینڈ کے اوپنر فل سالٹ اور لیگ سپنر عادل رشید کی بولی تاحال نہ ہو سکی تاہم امکان ہے کہ جلد ہی انھیں بھی نیلامی میں اٹھایا جا سکتا ہے۔
آئی پی ایل کے سیزن 2024 کے لیے کروڑوں کی بولی اپنے نام کروانے والے کچھ ایسے نام بھی ہیں جو انڈین ٹیم کا حصہ نہ ہونے کے باوجود کرکٹ فرنچائزز کے منظور نظر رہے۔
سمیر رضوی، کمار کوشنگرا اور شبھم دوبے تاحال قومی ٹیم میں تو شامل نہیں ہو سکے لیکن ان تینوں ’ان کیپڈ‘ کھلاڑیوں نے آئی پی ایل کی نیلامی میں اونچی بولی حاصل کر کے حیران کر دیا۔
شبھم دوبے کے لیے پہلے تو کیپٹلز نے بولی لگائی لیکن پھررائلز نے ان کو پانچ کروڑ 80 لاکھ میں خرید لیا۔ جبکہ سمیر رضوی نے آٹھ کروڑ 40 لاکھ کی بولی پر سائن کیے۔
کمار کوشنگرا کو کیپیٹل نے سات کروڑ 20 لاکھ میں اپنے نام کر لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں

https://whatsapp.com/channel/0029Va4emE0B4hdX2T4KuS18

۔