واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ہے جسے 2 ارب سے زائد افراد استعمال کرتے ہیں۔
ہر سال کی طرح 2023 میں بھی واٹس ایپ نے متعدد فیچرز متعارف کرائے۔
درحقیقت گزشتہ برسوں کے مقابلے میں 2023 میں واٹس ایپ میں بہت زیادہ نئے فیچرز متعارف کرائے گئے۔
اس سال زیادہ تر فیچرز ایسے تھے جن کا انتظار صارفین کافی عرصے سے کر رہے تھے۔
ایسے ہی بہترین فیچرز کے بارے میں جانیں جو 2023 میں واٹس ایپ کا حصہ بنے۔
لاک چیٹس
چیٹ لاک فیچر مئی 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے مختلف چیٹس کو ایک فولڈر میں محفوظ کیا جاتا ہے جبکہ ان تک رسائی فون ان لاک کے طریقہ کار سے ممکن ہوتی ہے۔
ان چیٹس کو اب سیکرٹ کوڈ کے ذریعے زیادہ تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرکے جس چیٹ کو لاک کرنا چاہتے ہیں، اسے اوپن کریں اور اوپر پروفائل نیم پر کلک کرکے لاک چیٹ آپشن کا انتخاب کریں۔
وائس اسٹیٹس
واٹس ایپ میسجز میں تو کافی عرصے سے وائس میسجز کو بھیجنا ممکن تھا مگر اب اسٹیٹس کے لیے بھی اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
صارفین 30 سیکنڈ تک کے وائس میسج کو ریکارڈ کرکے اسٹیٹس کے طور پر پوسٹ کرسکتے ہیں۔
کمپنی نے اس فیچر کو متعارف کراتے ہوئے کہا تھا کہ ٹائپنگ کی بجائے بول کر اپنے جذبات کا اظہار کرنا صارفین کے لیے زیادہ اطمینان بخش ہوگا۔
میسجز پن کرنا
دسمبر میں میسجز کو پن (pin) کرنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا۔
اس سے قبل واٹس ایپ صارفین چیٹس کو پن کر سکتے تھے مگر چیٹس کے اندر میسجز کو پن کرنا ممکن نہیں تھا۔
یہ فیچر پن چیٹس کی طرح ہی کام کرتا ہے۔
یعنی چیٹ کے اندر کسی ایک میسج کو پن کیا جا سکتا ہے، جو اس چیٹ ونڈو کو اوپن کرنے پر سب سے اوپر نظر آئے گا۔
مگر پن چیٹس کے برعکس پن میسج مخصوص وقت کے بعد ہٹ جاتے ہیں۔
جب کوئی صارف کسی میسج کو پن کرتا ہے تو اس کے سامنے 24 گھنٹے، 7 دن اور ایک مہینے کے آپشن نظر آتے ہیں۔
اسکرین شیئرنگ
اگست میں واٹس ایپ میں اسکرین شیئرنگ فیچر کا اضافہ کیا گیا تھا۔
اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ روایتی ویڈیو کانفرنسنگ ایپس جیسے مائیکرو سافٹ ٹیمز، گوگل میٹ، زوم اور فیس ٹائم کو ٹکر دینے کے قابل ہوگئی ہے۔
اس فیچر سے صارفین اپنے اسمارٹ فون ڈسپلے کو مکمل طور پر دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔
اسکرین شیئرنگ کے ذریعے صارفین اپنی دستاویزات، تصاویر اور دیگر تفصیلات ویڈیو کالز میں شیئر کر سکتے ہیں۔
نامعلوم نمبروں کی کالز میوٹ کریں
واٹس ایپ نے جون میں نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کو خودکار طور پر میوٹ کرنے کے فیچر کا اضافہ کیا تھا۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سیٹنگز میں پرائیویسی پر کلک کریں اور وہاں کالز کے آپشن میں جاکر Silence Unknown Callers کو ان ایبل کر دیں۔
کمپینن موڈ
اس سال واٹس ایپ نے صارفین کا بڑا مطالبہ پورا کرتے ہوئے ایک اکاؤنٹ کئی ڈیوائسز میں بیک وقت استعمال کرنے کا فیچر متعارف کرایا۔
ملٹی ڈیوائس سپورٹ فیچر پر کئی سال سے کام کیا جارہا تھا اور 2023 میں صارفین اسے استعمال کرنے کے قابل ہوئے۔
اس فیچر کے بعد صارفین اپنے اکاؤنٹ کو بیک وقت 4 فونز یا ڈیوائسز میں استعمال کر سکتے ہیں۔
ایچ ڈی فوٹوز اور ویڈیوز بھیجنا
واٹس ایپ نے رواں سال صارفین کے لیے High-definition (ایچ ڈی) تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کا فیچر بھی متعارف کرایا۔
اس فیچر سے صارفین اپنی تصاویر اور ویڈیو کو اوریجنل ریزولوشن میں اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔
اس فیچر کے بعد اب جب آپ کسی چیٹ میں کوئی تصویر یا ویڈیو بھیجنے کے لیے اپ لوڈ کریں گے تو اوپر موجود امیج ایڈیٹنگ مینیو میں ایچ ڈی کا آپشن بھی نظر آتا ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ میں بائی ڈیفالٹ اسٹینڈرڈ کوالٹی کو سلیکٹ کیا گیا ہے اور ایچ ڈی کوالٹی کو آپ کو خود منتخب کرنا ہوتا ہے۔
ایک ڈیوائس میں 2 اکاؤنٹس کا استعمال
واٹس ایپ نے اکتوبر میں ایک فون میں 2 اکاؤنٹس استعمال کرنے کا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
یہ فیچر ان افراد کے لیے بہترین ہے جو واٹس ایپ کو دفتری سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں، ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ سے وہ دفتری اور ذاتی زندگی کے لیے الگ اکاؤنٹس استعمال کر سکتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ فون میں ڈوئل سم سپورٹ موجود ہو تاکہ 2 مختلف نمبروں کو 2 واٹس ایپ اکاؤنٹس کے لیے استعمال کیا جاسکے۔
واٹس ایپ چینلز
واٹس ایپ نے چینلز نامی فیچر جون 2023 میں متعارف کرایا تھا جو آغاز میں چند ممالک تک محدود رکھا گیا تھا مگر ستمبر میں اسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کے لیے پیش کر دیا گیا۔
صارفین اپنے پسند کی شخصیات، اسپورٹس اور دیگر موضوعات کی اپ ڈیٹس کو چینلز کے ذریعے جان سکتے ہیں۔
چینلز کے ذریعے ٹیکسٹ، فوٹو، ویڈیو، اسٹیکر اور پول وغیرہ کو بڑے پیمانے پر لوگوں سے شیئر کیا جاتا ہے۔
نومبر میں میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے بتایا تھا کہ محض 7 ہفتوں میں واٹس ایپ چینلز استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 50 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔
کیلنڈر سرچ
کیا آپ کو ضرورت کے وقت واٹس ایپ میں پرانے میسجز ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے؟ تو اب ایسا نہیں ہوگا۔
2023 کے شروع میں یہ فیچر موبائل ایپ کا حصہ بنایا گیا تھا اور گزشتہ دنوں ویب ورژن میں بھی سے معارف کرایا گیا۔
اس فیچر کے تحت جب کوئی صارف چیٹ سرچ کے آپشن پر کلک کرتا ہے تو وہاں کیلنڈر آئیکون پر کلک کرکے مخصوص تاریخ، مہینے اور سال میں جاکر مطلوبہ چیٹس کو تلاش کیا جا سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں

https://whatsapp.com/channel/0029Va4emE0B4hdX2T4KuS18