انڈین پریمیئر لیگ یعنی آئی پی ایل 2024 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی کا پہلا دن کئی کھلاڑیوں پر دولت کی بارش کا دن تھا۔
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل سٹارک آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔ مچل کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24.75 کروڑ روپے میں خریدا۔ اس کے بعد اسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کو سن رائزرس حیدرآباد نے 20.50 کروڑ میں خریدا۔
ان مہنگی بولیوں کے درمیان کچھ کھلاڑی ایسے بھی تھے جو نیلامی کے بعد سے خبروں میں ہیں۔
منگل کو دبئی میں ہونے والی نیلامی میں انڈیا کے کچھ ان کیپڈ کرکٹرز کی قسمت کا ستارہ بلندیوں پر نظر آیا۔ ان کیپڈ کرکٹرز سے مراد وہ کھلاڑی ہیں جنھوں نے اب تک ٹیم انڈیا کے لیے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔
ان میں کئی کھلاڑی ایسے ہیں جن کے بارے میں نیلامی سے پہلے نسبتاً کم لوگ جانتے تھے۔ جب ان نوجوان کھلاڑیوں کی نیلامی شروع ہوئی تو کسی نے اندازہ نہیں لگایا ہوگا کہ ان کی نیلامی کروڑوں روپے تک پہنچ جائے گی۔
آئیے کچھ ایسے ہی ان کیپڈ کھلاڑیوں کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

1: سمیر رضوی
سمیر رضوی ایک ان کیپڈ کھلاڑی ہیں۔ سمیر کی نیلامی 20 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت سے شروع ہوئی۔
لیکن ان کے لیے چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان مقابلہ شروع ہوگيا۔ 20 لاکھ روپے کی نیلامی سے شروع ہونے والی بولی 8.40 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
اور اس طرح سمیر رضوی کو چنئی سپر کنگز نے 8 کروڑ 40 لاکھ روپے میں خرید لیا۔
آئی پی ایل نیلامی سے پہلے سمیر یو پی ٹی 20 لیگ میں اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے سرخیوں میں آئے تھے۔
انھوں نے لیگ میں 10 میچوں میں 50 سے زیادہ کی اوسط سے 455 رنز بنائے تھے۔ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی سمیر کے نام درج تھا۔
20 سالہ سمیر کا تعلق اتر پردیش کے میرٹھ سے ہے۔ سمیر نے یوپی-ٹی20 لیگ میں کانپور سپر سٹارز کے لیے سب سے زیادہ چھکے لگائے تھے۔
اس لیگ میں سمیر نے دو سنچریاں سکور کی تھیں اور فائنل میچ میں 50 گیندوں میں 84 رنز بنائے تھے۔ ان کی اننگز کی بدولت سمیر کی ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب رہی۔
سمیر روہت شرما کو اپنا ہیرو مانتے ہیں۔ انھوں نے کہا: ’میرے ماموں کو مجھ سے زیادہ مجھ پر بھروسہ تھا۔ انھوں نے مجھے زبردستی نیلامی دکھائی۔ میں اسے دیکھنا نہیں چاہتا تھا، لیکن انھوں نے مجھے دیکھنے پر مجبور کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اسے دیکھنے کے قابل تھا۔
سمیر کے ماموں تنقیب کہتے ہیں: اس عمر میں اتنے پیسے۔۔۔ میں تھوڑا سا خوف محسوس کر رہا ہوں۔ بطور کوچ میرا کردار ختم ہو گیا ہے۔ اب اسے بہتر کوچ ملیں گے۔ اب میرا کام اسے زمین سے جوڑنا ہے۔ یہ ایک مشکل کام ہو گا۔

2: شاہ رخ خان
منگل کو جب دبئی میں نیلامی شروع ہوئی تو شاہ رخ کو بھی اندازہ نہیں ہوگا کہ سورج غروب ہونے سے پہلے ان کی قسمت کا ستارہ طلوع ہوگا۔
گجرات ٹائٹنز نے شاہ رخ خان کو 7.40 کروڑ میں خریدا۔ شاہ رخ کی بنیادی قیمت 40 لاکھ روپے تھی۔
شاہ رخ اس سے پہلے بھی آئی پی ایل کھیل چکے ہیں اور اپنی زیادہ نیلامی کی وجہ سے خبروں میں رہے تھے۔
تمل ناڈو کے بلے باز شاہ رخ کو کنگز الیون پنجاب نے سنہ 2021 میں 5.25 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ جونیئر سطح پر تیراکی کے چیمپئن رہنے والے شاہ رخ خان کا نام فلم سٹار شاہ رخ خان کے نام پر رکھا گیا تھا لیکن وہ جنوبی انڈیا کے سپر سٹار رجنی کانت کے فین ہیں۔
1995 میں چنئی میں پیدا ہونے والے شاہ رخ خان کے والد مسعود بھی کلب کرکٹر رہ چکے ہیں اور چمڑے کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ جبکہ ان کی والدہ لبنی چنئی میں ایک بوتیک چلاتی ہیں۔ شاہ رخ مڈل آرڈر میں تیزی سے رنز بنانے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
شاہ رخ پہلی بار 2012 میں اس وقت سرخیوں میں آئے جب انھوں نے جونیئر چنئی سپر کنگز ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
شاہ رخ نے 18 سال کی عمر میں سید مشتاق علی ٹرافی میں تمل ناڈو کے لیے اپنا پہلا میچ کھیلا۔ 2014 میں منعقدہ اس مقابلے کے اپنے پہلے ہی میچ میں شاہ رخ نے گوا کے خلاف صرف آٹھ گیندوں پر 21 رنز بنائے تھے۔

3: رابن منز
قبائلی کھلاڑی رابن منز کو گجرات ٹائٹنز نے آئی پی ایل 2024 کی نیلامی میں 3.6 کروڑ روپے میں خریدا۔
21 سالہ رابن منز کی بنیادی قیمت 20 لاکھ روپے تھی۔ کئی ٹیموں نے رابن میں دلچسپی ظاہر کی لیکن آخر میں گجرات ان کی بولی جیت گئی۔
رابن کا تعلق مشرقی ریاست جھارکھنڈ سے ہے۔ وہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں اور اپنی ریاست سے آنے والے سابق انڈین کپتان دھونی کے مداح ہیں۔ دھونی کی طرح رابن نے بھی تجربہ کار کوچ چنچل بھٹاچاریہ سے تربیت حاصل کی ہے۔
وہ جھارکھنڈ کے گملا ضلع سے ہیں۔ لوگوں کی توجہ سب سے پہلے منز کی طرف آئی جب ممبئی انڈینز نے رابن کو برطانیہ میں تربیت دی۔
فی الحال وہ رانچی میں رہتے ہیں۔ لیکن اب تک وہ رنجی ٹرافی میں اپنی ٹیم کے لیے نہیں کھیل پائے ہیں۔ تاہم رابن جھارکھنڈ کی انڈر 19 اور انڈر 25 ٹیموں کا حصہ رہے ہیں۔
این ڈی ٹی وی اسپورٹس کی رپورٹ کے مطابق رابن کے والد فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد ان دنوں رانچی کے برسا منڈا ایئرپورٹ پر گارڈ کے طور پر کام کرتے ہیں۔ رابن کی دو بہنیں بھی ہیں۔

4: کمار کشاگر
رابن کی طرح کمار کشاگر کا تعلق بھی جھارکھنڈ سے ہے۔
دہلی کیپٹلس نے کشاگر کو 7.20 کروڑ میں خریدا ہے۔ چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز جیسی ٹیموں نے بھی ان کو خریدنے میں دلچسپی دکھائی تھی۔
حال ہی میں کمار کشاگر نے وجے ہزارے ٹرافی میں جھارکھنڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
19 سالہ کشاگر رواں سال دیودھر ٹرافی میں اپنی بیٹنگ کی وجہ سے خبروں میں تھے۔ صرف پانچ اننگز میں کشاگر نے 109 کے اسٹرائیک ریٹ سے 227 رنز بنائے تھے۔
وجے ہزارے ٹرافی میں بھی کشاگرا نے 37 گیندوں میں 67 رنز بنائے تھے۔
کشاگر 2020 میں انڈر 19 ورلڈ کپ سکواڈ میں ٹیم انڈیا کا حصہ تھے۔
سنہ 2022 میں کشاگرا نے ناگالینڈ کے خلاف ڈبل سنچری بنائی تھی۔ کشاگرا نے صرف 17 سال کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

5: شبھم دوبے کون ہیں؟
شبھم دوبے کی آئی پی ایل نیلامی 5.8 کروڑ روپے میں ہوئی۔
راجستھان رائلز کی ٹیم نے دہلی کیپٹلس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے شبھم کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
شبھم دوبے نے سید مشتاق علی ٹرافی میں سات اننگز میں 221 رنز بنائے۔ 29 سالہ شبھم کا تعلق ناگپور سے ہے۔
انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے شبھم دوبے نے کہا: ’میں نے سید مشتاق علی ٹی ٹوئنٹی میں اچھا کھیلا تھا، اس لیے مجھے امید تھی کہ میرا انتخاب کیا جائے گا۔ لیکن میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے کروڑوں ملیں گے۔ اب میری ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق شبھم کے والد برسوں سے بے روزگار ہیں۔ شبھم کا بھائی ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتا ہے۔ شبھم کو امید ہے کہ آئی پی ایل سے ملنے والی رقم ان کی زندگی بدل دے گی۔
شبھم کہتے ہیں: میرے والد کافی عرصے سے کام کے بغیر ہیں۔ ہم نے بہت برا وقت دیکھا۔ پاپا کبھی یہاں کام کرتے، کبھی وہاں۔ میرے پاس دستانے خریدنے کے لیے بھی پیسے نہیں تھے۔ کوچ سُجیت جیسوال وہاں تھے نے میری مدد کی، کورونا میں ان کی موت ہو گئی، آج سب یادیں تازہ ہو گئیں۔

6 یش دیال
رائل چیلنجرز بنگلور نے یش دیال کو 5 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔
26 سالہ یش کا تعلق الہ آباد سے ہے اور وہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ہیں۔
یش دیال نے 2018 میں فرسٹ کلاس میچوں میں ڈیبیو کیا۔
یش نے 17 فرسٹ کلاس میچوں میں 58 اور 42 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 38 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

7: ایم سدھارتھ کون ہیں؟
تمل ناڈو کے سپنر ایم سدھارتھ کو لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم نے 2.4 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔
آر سی بی کی ٹیم بھی سدھارتھ کو خریدنے میں دلچسپی رکھتی تھی لیکن لکھنؤ کی ٹیم آگے بڑھ گئی۔
سدھارتھ کی بنیادی قیمت 20 لاکھ روپے تھی۔
1998 میں پیدا ہونے والے سدھارتھ نے سات ٹی-20 میچوں میں 18 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
وہ اب تک فرسٹ کلاس کرکٹ کے سات میچوں میں 27 وکٹیں لے چکے ہیں۔

8: سوشانت مشرا
انڈر 19 ورلڈ کپ ٹیم کے کھلاڑی سوشانت مشرا کے لیے آئی پی ایل 2024 بہت خاص رہا۔
گجرات ٹائٹنز کی ٹیم نے سوشانت کو 2 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدا۔ سن رائزرس حیدرآباد نے بھی سوشانت کو خریدنے کی کوشش کی۔ سوشانت سنہ 2022 میں سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم میں تھے۔
22 سالہ سوشانت کا تعلق ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی سے ہے۔
سوشانت نے سات فرسٹ کلاس میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

● وہ مشہور کھلاڑی جنہیں کوئی خریدار نہیں ملا
آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان سٹیو سمتھ، جوش ہیزل ووڈ، جنوبی افریقہ کے راسی وین ڈر ڈوسین، نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کائلی جیمیسن وغیرہ کو خریدار نہ ملا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں

https://whatsapp.com/channel/0029Va4emE0B4hdX2T4KuS18