وقت سے پہلے بالوں کے سفید ہوجانے کی وجوہات جاننے کیلیے کیے گئے تحقیقی مطالعات میں بتایا گیا ہے کہ طرز زندگی بالخصوص سگریٹ نوشی بھی قبل از وقت بالوں کے سفید ہوجانے کی اہم وجہ ہے۔
انسان کے بال قدرتی طور پر ادھیڑ عمری میں سفید ہونے لگتے ہیں، تاہم بہت سے نوجوانوں میں بھی سفید بالوں کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔
اردن یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں تمباکو نوشی اور 30 سال کی عمر سے پہلے بالوں میں سفیدی در آنے کے مابین تعلق پایا گیا ہے۔
محققین کے مطابق تمباکو میں شامل مضر صحت کیمیکلز کی وجہ سے خلیوں اور بافتوں میں آکسیجن کے توازن میں بگاڑ پیدا ہوجاتا ہے جو بالوں کی رنگت کو برقرار رکھنے والے خلیوں پر اثر انداز ہوتا ہے اور اس کے نتیجے میں وقت سے پہلے ہی انسان کے بالوں میں سفیدی نمودار ہونے لگتی ہے۔
تمباکو نوشی کے علاوہ کھانے پینے کی عادات بھی بالوں کے سفید ہونے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ کچھ غذائی اجزا بالخصوص وٹامن بی 12، ڈی تھری، کیلشیئم اور معدنیات جیسے تانبا، فولاد اور زنک کی کمی کا تعلق بھی جوان العمری میں بالوں کے سفید ہوجانے کے ساتھ پایا گیا ہے۔
مذکورہ بالا غذائی اجزا میلانن نامی مادے کی پیدائش کے عمل کیلیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں جو بالوں کی رنگت کا ذمے دار ہے۔
تحقیقی مطالعات میں یہ پتاچلا کہ جن افراد میں ان غذائی عناصر کی سطح کم تھی ان کے بال وقت سے پہلے سفید ہونا شروع ہوگئے تھے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بالوں کی صحت کے لیے خوراک بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ بالوں کو صحت مند رکھنے کے لیے روزہ مرہ خوراک میں مذکورہ بالا غذائی اجزا کو شامل رکھنا بہت ضروری ہے۔
محققین کے مطابق ذہنی دباؤ بھی وقت سے پہلے بالوں کے سفید ہونے کا ایک سبب ہے۔ اس کے علاوہ نیند اور جسم میں پانی کی کمی سے بھی بال کم عمری میں اپنی سیاہ رنگت سے محروم ہوسکتے ہیں، کیونکہ نیند کا پورا نہ ہونا اور جسم میں پانی کی کمی مجموعی طور پر انسانی صحت کو متاثر کرتی ہے جس کا اثر بالوں کی صحت پر بھی پڑتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں

https://whatsapp.com/channel/0029Va4emE0B4hdX2T4KuS18