آنجہانی شہزادی ڈیانا کے استعمال میں رہنے والا گاؤن 11 لاکھ ڈالر میں نیلام کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ گاؤن پہلے سے لگائے گئے تخمینے سے گیارہ گُنا زیادہ مہنگا فروخت ہوا ہے۔
شہزادی ڈیانا کے استعمال میں رہنے والا یہ گاؤن مراکشی نژاد برطانوی ڈیزائنر ژاک ازاگورے کا تیار کردہ تھا۔
نیلامی کرنے والے جولین آکشن کے مطابق یہ آنجہانی برطانوی شہزادی کے استعمال میں رہنے والی پہلی شے ہے جو اتنی مہنگی فروخت ہوئی ہے۔
شام کے وقت پہنے جانے والے اس گاؤن کے بارے میں تخمینہ لگایا گیا تھا کہ یہ ایک لاکھ ڈالر میں نیلام ہو گا۔
شہزادی ڈیانا نے یہ لباس پہلی بار سنہ 1985 میں فلورنس میں ایک ڈنر کے دوران زیب تن کیا تھا۔ دوسری بار انہوں نے یہ گاؤن سنہ 1986 میں وینکیور سمفنی آرکسٹرا کی پرفارمنس کے دوران پہنا۔
مراکشی نژاد ڈریس ڈیزائنر کی ویب سائٹ نے ژاک ازاگورے اور شہزادی ڈیانا کے تعلق کے بارے میں لکھا ہے کہ ’ژاک کی پرنسز آف ویلز ڈیانا سے پہلی ملاقات سنہ 1987 میں ہوئی اور ان کے خصوصی تعلقات رہے اس لیے شہزادی سنہ 1997 تک اُن کے ڈیزائن کیے ملبوسات استعمال کرتی رہیں۔‘
یہ نیلامی جولین آکشن اور ٹرنر کلاسک موویز کے زیراہتمام چار روہ ہالی وڈ سیل کا حصہ تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں
۔
۔