بالی وڈ انڈسٹری کے سینئر ہدایت کار اور ارباز خان کے والد سلیم خان نے بیٹے کی دوسری شادی پر ہونے والی چہ مگوئیوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے اداکار ارباز خان نے میک اپ آرٹسٹ شورا خان سے دوسری شادی کی جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلیم خان سے ایک انٹرویو میں بیٹے کی دوسری شادی سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ ارباز اور شورا نے شادی کا فیصلہ کیا اور میرے خیال سے یہ کوئی گناہ نہیں ہے، میں اپنے بیٹے کیلئے بہت خوش ہوں اور نئے جوڑے کیلئے دعا گو بھی ہوں۔
انہوں نے کہا میں نہیں سمجھتا کہ اس پر بحث کی کوئی ضرورت تھی، وہ نوجوان، تعلیم یافتہ اور سمجھدار ہے اور اپنے فیصلے خود کر سکتا ہے، اسے میری اجازت کی کوئی ضرورت نہیں، اگر وہ خوش ہے تو پھر کسی چیز کی اہمیت نہیں۔
سلیم خان کا کہنا تھا کہ ارباز نے بتایا کہ وہ شادی کرنے والا ہے اور میں نے کہا کہ ٹھیک ہے اور میرا یہ خیال ہے کہ کسی کی زندگی میں دخل اندازی نہ کرنا بہتر ہے کیونکہ اس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ارباز خان کی پہلی شادی ماڈل و اداکارہ ملائکہ اروڑہ سے ہوئی تھی، دونوں کی شادی 19 سال تک چلی جس کے بعد انہوں نے 2016 میں راہیں جدا کرلیں، دونوں کا ایک بیٹا ارہان بھی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں