موسم کے برعکس دوڑنے اور دیگر جسمانی ورزش کے صحت پر مجموعی طور پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں، تاہم ماہرین صحت کا ماننا ہے کہ سردیوں کے موسم میں دوڑنا زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔
دوڑنے کو امراض قلب سے بچنے کےلیے بہترین سمجھا جاتا ہے جب کہ اسے جسم سے اضافی چربی ختم کرنے کے لیے بھی مفید مانا جاتا ہے۔
لیکن ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر سردیوں میں دوڑنے کا دورانیہ زیادہ کیا جائے تو نہ صرف اس سے جسمانی صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ ذہنی طور پر بھی انسان پرسکون رہتا ہے۔
طبی ویب سائٹ میڈیکل نیوز کے مطابق گرمیوں کے مقابلے سردیوں میں دوڑنے کے فوائد پر اب تک سامنے آنے والی متعدد تحقیقات سے ثابت ہوچکا ہے کہ موسم سرما میں دوڑنے سے پیدا ہونے والی موسمیاتی بیماریوں اور انفیکشنز سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
ویب سائٹ نے ماہرین صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سردیوں میں دوڑنے سے غذا میں موجود طاقتور کیلوریز کو ختم کرنے والی خطرناک چربی کے کم ہونے کی رفتار بھی زیادہ ہوجاتی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق علاوہ ازیں سردیوں میں دوڑنا اور دیگر جسمانی ورزشیں کرنے سے نہ صرف دماغی صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ اس سے سردیوں میں ہونے والی طبی پیچیدگیوں اور انفیکشنز سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق سردیوں میں دوڑنے سے مجموعی طور پر میٹابولزم بہتر ہوتا ہے، جس سے Thermogenesis بھی بہتر ہوتا جو کہ سردیوں میں انسانی جسم کا درجہ حرارت موسم کے حساب سے رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ دوڑنا، ورزش کرنا اور جاگنگ کرنا تمام موسموں میں فائدہ مند ہوتا ہے لیکن موسم سرما میں ایسی ورژشوں کے کچھ اضافی فوائد ہوتے ہیں اور انسان سردیوں میں بیمار یا سست نہیں پڑتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں