ساؤتھ سائبر سیل سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق، ہیمانگی جھنجھن والا (47) نے شکایت درج کروائی کہ آریہ نامی لڑکی نے اسے واٹس ایپ میسجز کے ذریعے یوٹیوب پر ویڈیوز پسند کرنے کے لیے پارٹ ٹائم نوکری کی پیشکش کی۔ اس پیشکش کو قبول کرتے ہوئے جھنجھن والا نے ویڈیو کو پسند کرنا شروع کر دیا۔ ابتدا میں اسے اس کے لیے ادائیگی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس راج تلک روشن نے بتایا کہ سائبر فراڈ کرنے والوں نے پھر اسے ایک ٹاسک پیش کیا اور اسے مختلف بینک کھاتوں میں کل 55.35 لاکھ روپے جمع کرنے کو کہا۔
سائبر سیل کی تحقیقات شروع:
ہیمانگی جھنجھن والا کو جیسے ہی فراڈ کا علم ہوا، اس نے سائبر سیل کو معاملے کی اطلاع دی۔ اس کے بعد جب ساؤتھ سائبر سیل نے چھان بین کی تو یہ بات سامنے آئی کہ جھنجھن والا کے ذریعے منتقل کیے گئے 55.35 لاکھ روپے میں سے 14.50 لاکھ روپے ناگپور کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے تھے۔ یہ بینک اکاؤنٹ کنچن جنرل اسٹور اینڈ ہول سیلر کے نام پر تھا۔ اس کے بعد پولس ناگپور گئی اور بینک کی کھاتہ دار کنچن میشرم سے پوچھ تاچھ کی۔ پھر انکشاف ہوا کہ کنچن میشرم کی دوست سلمیٰ علی نے میشرم کے دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹ کھولا تھا۔ تفتیش کے دوران کنچن میشرم نے بتایا کہ سلمیٰ علی نے میرے دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹ کھولا۔ اس نے اسے لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے استعمال کیا۔
بینک اکاؤنٹ میں تین کروڑ جمع:
کنچن میشرم نے جب یہ محسوس کیا کہ ان کے دستاویزات کو غلط سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے تو 15 اکتوبر کو اس نے سلمیٰ شجاعت علی (عمر 38) اور گجیندر ایکونکر (عمر 39) کے خلاف ناگپور کے پارڈی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ اس کے علاوہ جب پولیس نے اس بینک اکاؤنٹ کے بارے میں پوچھ تاچھ کی تو یہ بات سامنے آئی کہ اس میں دو دن میں تقریباً تین کروڑ روپے جمع ہو چکے ہیں۔
بینک اکاؤنٹ منجمد:
اس حوالے سے مزید معلومات دیتے ہوئے سائبر سیل کے پولیس افسر نے بتایا کہ ہیمانگی جھنجھن والا کی جانب سے فراڈ کی اطلاع کے بعد تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سب سے زیادہ رقم بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔ پھر وہ بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ملزم سلمیٰ علی اور اس کے ساتھی گجیندر ایکونکر کو پولیس نے گرفتار کیا اور انھیں ناگپور سے ممبئی لایا گیا۔ اس کے بعد دونوں کو عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت نے انہیں پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں

https://whatsapp.com/channel/0029Va4emE0B4hdX2T4KuS18