امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے جمعے کے روز اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے ساتھ اپنی ملاقات میں کہا ہےکہ امریکہ سمجھتا ہے کہ نہ تو اس کی کوئی وجہ ہے، اور نہ ہی یہ درست ہوگا کہ اسرائیل غزہ پر دوبارہ سے طویل عرصے کے لیے قبضہ کر لے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے سلیون کو جمعرات کے روز بتایا تھاکہ اسرائیل کی غزہ میں کارروائیوں کو کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔
گیلنٹ نے کہا کہ حماس غزہ میں میدان اور زیر زمین اپنا انفراسٹرکچر گزشتہ دہائی سے تعمیر کر رہا ہے۔ ایسے میں اسے تباہ کرنے کے لیے کئی مہینوں کا وقت صرف ہو سکتا ہے
انہوں نے کہا کہ لیکن انہیں یقین ہے کہ جیت ان کی ہی ہوگی۔
وائٹ ہاؤس کی نیشنل سیکیوریٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے رپورٹرز کو اس دورے کے بارے میں بتایا تھا کہ سلیون اسرائیل پر اہداف کے انتخاب کے سلسلے میں مزید احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔ تاکہ عسکری آپریشن کے دوران فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کو محدود کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ یہی ہمارا ہدف ہے، اور اسرائیلی بھی یہی کہتے ہیں، لیکن نتائج زیادہ اہم ہیں۔
سلیون نے اسرائیل پر غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کی اجازت دینے پر بھی زور دیا۔
۔