انڈیا کے خبر رساں ادارے اے این آئی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر نیوارک میں ہندو مندر کی مبینہ توہین کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
کیلیفورنیا پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی رات گئے نیوارک میں سوامی نارائن مندر میں پیش آیا۔
اے این آئی کے مطابق مبینہ طور پر خالصتان حامی تحریک سے منسلک افراد نے مندر کی بے حرمتی کی اور بیرونی دیوار پر انڈیا مخالف نعرے لکھے۔
مندر کی انتظامیہ کے مطابق واقعہ رات گئے پیش آیا جس کا اگلی صبح پتہ چلا۔
مندر کی انتظامیہ کے ترجمان بھارگیو راول نے اے این آئی کو بتایا کہ ’مندر کے قریب رہائش پذیر افراد میں سے ایک نے بیرونی دیوار پر کالے پینٹ سے ہندو اور انڈیا مخالف نعرے لکھے ہوئے دیکھے۔‘
مندر کی انتظامیہ نے فوری طور پر مقامی پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مندر کی انتظامیہ کو اس واقعے سے سخت صدمہ پہنچا ہے۔
مقامی پولیس کے اہلکار جوناتھن ارگیلو نے کہا کہ یہ ہندوؤں کو نشانہ بنائے جانے کا واقعہ ہے جس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
’اس پینٹ کو دیکھتے ہوئے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا۔ اور ہم اس کی مکمل تحقیق کریں گے۔ میں آپ کو محکمہ پولیس اور مقامی کمیونٹی کے ایک فرد کے طور پر بتاتا ہوں کہ اس طرح کے واقعات سے افسوس ہوتا ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہم ایسے واقعات کو یہاں برداشت نہیں کریں گے۔‘
پولیس اہلکار نے کہا کہ ایسے واقعات کو نہایت سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور اس کی مکمل تفتیش کی جائے گی۔
ایک پریس کانفرنس میں نیوارک کے محکمہ پولیس کے حکام نے بتایا کہ ’ہماری پالیسی ہے کہ اس طرح کے تشدد، تشدد کی دھمکی، املاک کو نقصان، ہراسانی اور دھمکانے، اور اسی طرح کے دیگر جرائم کو نفرت انگیزی کے طور پر دیکھتے ہیں۔ اور ان کی تفتیش نفرت پھیلانے کے جرم کے طور پر کی جاتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں