بھارت کے مشہور موٹیویشنل اسپیکر کیخلاف اپنی نئی نویلی دلہن پر تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیا کے مشہور موٹیویشنل اسپیکر اور سوشل میڈیا انفلوینسر وویک بندرا کے خلاف اپنی بیوی پر تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
بہنوئی ویبھوکواترا نے نوئیڈا میں وویک بندرا کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے جس کے مطابق یہ واقعہ نوئیڈا کے سیکٹر 94 میں واقع سپرنووا ویسٹ ریزیڈنسی میں پیش آیا جہاں یہ جوڑا رہتا ہے۔
ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے مطابق وویک بندرا اور یانیکا کی شادی 6 دسمبر کو ہوئی تھی تاہم شادی کے چند گھنٹے بعد ہی وویک بندرا نے مبینہ طور پر یانیکا کو ایک کمرے میں لے جا کر گالم گلوچ کی، اس کے بال کھینچے اور اس پر تشدد کیا۔
شکایت میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تشدد کی وجہ سے یانیکا کے جسم پر مبینہ طور پر گہرے زخم آئے ہیں اور وہ ٹھیک سے سن نہیں پا رہی۔ وویک بندرا نے مبینہ طور پر اُس کا فون بھی توڑ دیا۔
یاد رہے کہ وویک بندرا اپنی کمپنی ’بڑا بزنس پرائیویٹ لمیٹڈ‘ (بی بی پی ایل) کے سی ای او ہیں اس کے علاوہ ان کے یوٹیوب اور انسٹاگرام پر لاکھوں فالورز بھی ہیں۔
حال ہی میں بھارت کے ایک اور معروف موٹیویشنل اسپیکر اور یوٹیوبر سندیپ مہیشوری نے وویک بندرا پر لوگوں کے ساتھ آن لائن دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا تھا۔
سندیپ مہیشوری نے اپنے یوٹیوب چینل پر “بگ سکیم ایکسپوز” کے عنوان سے ایک ویڈیو اپلوڈ کی تھی جس میں انہوں نے ایسے طلبا کی کہانیاں پیش کی تھیں جن کے ساتھ وویک بندرا کی کمپنی نے دھوکہ کیا ہے تاہم بندرا ان الزامات سے انکاری ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں

https://whatsapp.com/channel/0029Va4emE0B4hdX2T4KuS18

۔