قازقستان نے افغانستان کی طالبان حکومت کا نام کالعدم تنظیموں یا گروہوں کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔
طالبان حکومت نے دونوں ممالک کے درمیان حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اس اقدام پر قازق حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
قازقستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ایبک صمد یاروف نے خبر رساں ایجنسی “کازنفورم” کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ قازقستان ممنوعہ دہشت گرد گروہوں کی فہرست کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا ہے اور اس سلسلے میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ افغانستان میں حکمران طالبان کو اس فہرست سے نکال دیا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کے اس موقف کے مطابق ہے جس میں حکمران طالبان کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
قازقستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ ملک اب بھی افغانستان کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے فیصلوں پر کاربند ہے۔
علاوہ ازیں کابل میں قازقستان کے سفیر نے باضابطہ طور پر طالبان حکومت کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
دریں اثنا طالبان حکومت کی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ضیاء احمد تکل نے ایکس پر لکھا کہ قازقستان کے سفیر علی خان یاسین گلدایف نے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات میں آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ آف قازقستان نے باضابطہ طور پر امارت اسلامیہ افغانستان کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔
افغان وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق مولوی امیر خان متقی نے قازقستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کر ہی ہے۔
رواں سال کے آغاز میں قازقستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ آستانہ میں افغان حکومت کے نامزد کردہ سفارت کاروں کو قبول کرے گی۔
قازقستان وسطی ایشیا کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا ملک ہے جس کی سرحد افغانستان کے ساتھ نہیں ملتی لیکن طالبان حکومت کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب آذربائیجان نے بھی کابل میں 2024 میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔
آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وہ 2024 میں افغانستان میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولیں گے۔
آذربائیجان کے میڈیا نے خبر شائع کی ہے کہ اس ملک کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے دارالحکومت باکو میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ اگلے سال باکو میں افغانستان سمیت متعدد ممالک کے سفارت خانے کھولیں گے۔
ان ذرائع ابلاغ کے مطابق آذربائیجان نے کابل کے لئے اپنا نمائندہ مقرر کر دیا ہے جو نئے سال کے آغاز میں چارج سنبھالیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں