فرانسیسی فضائی کمپنی ’ایئربس اٹلانٹک‘ کی جانب سے اپنے سٹاف کو دیے جانے والے کرسمس ڈنر کے بعد 700 ملازمین بدہضمی کا شکار ہو گئے ہیں۔
برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کے مطابق ایئربس اٹلانٹک کی جانب سے 2600 ملازمین کو کرسمس ڈنر دیا گیا تھا۔
محکمہ صحت کی جانب سے کرسمس ڈنر کے باعث 700 ملازمین کے بیمار پڑنے کی واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
سٹاف کو دیے جانے والے اس ڈںر کا اہتمام ایئربس کے اپنے ریستوران کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں فائی گراس اور جھینگے کے علاوہ متعدد قسم کے کھانے شامل تھے۔
اس ڈنر کے 24 اور 48 گھنٹوں بعد سیکڑوں ملازمین نے ہیضے اور قے کی شکایت کی۔
فرانس کے محکمہ صحت کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ انہیں ابھی تک ملازمین کے بیمار پڑنے کی اصل وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم شبہ ہے کہ کھانے میں بیکٹیریا یا معدے کی خرابی والے وائرس کی موجودگی اس کی وجہ ہو سکتی ہے۔
اس بارے میں ایئربس اٹلانٹک کے سیکریٹری جین کلاؤڈے اِریبیرن نے بتایا کہ کھانا کمپنی کی کینٹین نے تیار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم یہ ہر سال کرتے ہیں، ہم نے مقامی سپلائرز کی مدد سے 2600 افراد کے لیے کرسمس ڈنر کا اہتمام کیا تھا۔‘
دوسری جانب ایئربس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد میں کوئی بھی سنگین نوعیت کی بیماری کا شکار نہیں ہے۔
خیال رہے ایئربس اٹلانٹک جہاز بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ایئربس کی ذیلی کپمنی ہے جس کے پانچ ممالک میں 15 ہزار ملازمین ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے کشکول ایپ کے واٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں ⬇ کلک کریں